بیروت(وائس آف رشیا) غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ چند گھنٹوں میں اسرائیلی فضائی اور زمینی حملوں میں کم از کم 77 فلسطینی شہید اور 265 زخمی ہوئے ہیں۔ وزارت نے بتایا کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں اب تک 65,926 افراد شہید اور 1 لاکھ 67 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
16 ستمبر کو اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے غزہ شہر پر بڑے پیمانے کی فوجی کارروائی کے آغاز کا اعلان کیا تھا جس کا مقصد حماس کو “حتمی شکست” دینا بتایا گیا۔ اسرائیلی فوج نے اس سے قبل بارہا شہریوں کو علاقے خالی کرنے کے لیے کہا اور فضائی پرچیاں بھی گرائیں۔
فلسطینی خبر ایجنسی “معان” کے مطابق ہزاروں افراد محفوظ انسانی راہداری المواسی کے علاوہ جنوبی شہروں رفح اور خان یونس کی طرف نقل مکانی کر گئے ہیں، تاہم غزہ شہر میں اب بھی تقریباً 9 لاکھ افراد محصور ہیں۔









