تونس (وائس آف رشیا) یمن کی حوثی تحریک انصار اللہ نے اسرائیل کے جنوبی شہر ایلات کے قریب رامون ایئرپورٹ اور صحرائے نقب میں فوجی مرکز پر ڈرون حملے کا دعویٰ کیا ہے۔ حوثی ترجمان یحییٰ سریع نے بیان میں کہا کہ چار ڈرونز اس کارروائی میں استعمال کیے گئے، جن میں سے تین نے ایئرپورٹ جبکہ ایک نے فوجی تنصیب کو نشانہ بنایا۔ ان کے مطابق یہ کارروائی کامیاب رہی اور اپنے اہداف حاصل کر لیے گئے۔
حوثیوں نے 2023 میں غزہ کی جنگ کے دوران خبردار کیا تھا کہ جب تک اسرائیل اپنی فوجی کارروائیاں نہیں روکتا، وہ نہ صرف اسرائیلی تنصیبات بلکہ اس سے منسلک بحری جہازوں کو بھی نشانہ بناتے رہیں گے۔ نومبر 2023 سے اب تک بحیرہ احمر اور خلیج عدن میں درجنوں تجارتی جہاز حوثی حملوں کی زد میں آ چکے ہیں۔
اسرائیل نے اس کے جواب میں یمن کے دارالحکومت صنعا کے ایئرپورٹ اور بحیرہ احمر کے ساحلی علاقوں میں واقع متعدد بندرگاہوں پر فضائی حملے کیے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس تازہ حملے سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے اور عالمی بحری تجارت بھی خطرات سے دوچار ہوسکتی ہے۔