یروشلم (وائس آف رشیا) اسرائیل کی فوج نے لبنان کی مزاحمتی تحریک کے شہید سربراہ حسن نصراللہ کو ستمبر 2024 میں بیروت میں نشانہ بنانے کی ویڈیو جاری کردی۔
اسرائیلی میڈیا نے فوج کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو نشر کی اور یہ ویڈیو ایک ایسے وقت میں جاری کی گئی ہے جب لبنان میں حسن نصراللہ شہید اور ان کے نائب سیف دین کی نماز جنازہ ادا کی گئی، جس میں شہریوں کا سمندر امڈ آیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسرائیل کی 69 فائٹر اسکوارڈن کے ایف-151 کے طیاروں نے شام کو 6:20 بجے بیروت کے مرکز میں حزب اللہ کے زیرزمین ہیڈکوارٹرز پر تقریباً 100 بم گرائے۔
اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ اسی حملے میں حزب اللہ کی 32 سال سے قیادت کرنے والے حسن نصراللہ شہید ہوگئے اور مشرق وسطیٰ کی سیاست میں ایک بھونچال آگیا، اس حملے کے لیے اسرائیلی فورسز اور موساد نے خفیہ معلومات جمع کرنے کے لیے دہائیاں گزار دی تھیں۔
مزید بتایا گیا کہ آخری وقت میں یہ حسن نصراللہ کو علاقے سے بحفاظت نکلنے کا موقع نہ دینے کے لیے یقینی اقدامات کیے گئے تھے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جنگی طیارے بم برسا رہے ہیں اور یہ بم مختلف مقامات پر گر رہے ہیں تاہم یہ واضح نہیں ہو رہا ہے کہ آیا مذکورہ مقامات پر عمارتیں ہیں یا نہیں۔









