ماسکو(وائس آف رشیا) دنیا بھر کی طرح روس میں بھی نئے سال 2025 کو بھرپور جوش و جذبے خوش آمدید کہا گیا 31 دسمبر کی رات 12 بجتے ہی ماسکو ، سینٹ پیٹرزبرگ، کازان، اوفا سمیت دیگر شہروں میں شہریوں نے اپنے اپنے روایتی انداز میں نئے سال کوویلکم کیا.
نئے سال کے استقبال کیلئے اس بار دنیا کے مختلف ممالک سے سیاحوں کی بڑی تعداد نے ماسکو کا رخ کیا جبکہ شدید سردی کے باوجود شہریوں کی بہت بڑی تعداد ریڈ سکوائرپر موجود تھی نئے سال کی آمد کے موقع پر ماسکو شہر کو دلہن کی طرح سجا یا گیا ہے شہر کی شاہراہیں، پارکس، عمارتیں اور بالخصوص ریڈ سکوائر کے چاروں طرف عمارتوں کو رنگ برنگے برقی قمقموں سے سجایا گیاہے .
ریڈ سکوائر پرحسب روایت نئے سال کا یولکا ٹری بھی لگایا گیا ہے جبکہ بچوں کیلئے سکیٹنگ کے لیے خصوصی انتظام کے ساتھ ساتھ کھانے پینے کے سٹالز بھی لگائے گئے جہاں پرلوگ مختلف قسم کے کھانوں سے لطف اندوز ہوتے دکھائی دیئے.گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی سکیورٹی وجوہات کی بنا پرماسکو سمیت مختلف شہروں میں آتش بازی کا مظاہرہ نہیں کیا گیا.
حسب روایت نئے سال کی آمد سے پانچ منٹ پہلے روسی صدر ولادیمیر پوتن نے سرکاری ٹی وی پربراہ راست اپنے خطاب نئے آنیوالے سال کیلئے نیک تمنائوں کا اظہارکرتے ہوئے عوام کو مبارکباد پیش کی، ان کا کہناتھا کہ گزشتہ 24 سالوں کے دوران، روس آزاد اور مضبوط رہنے میں کامیاب رہا ہے کیونکہ اس نے اپنے عوام کے اتحاد، ان کے ایمان اور ان کی صلاحیتوں کی بدولت بہت سے سخت اور تاریخی چیلنجوں کا سامنا کیا ہے ۔









