بنکاک(وائس آف رشیا) تھائی وزارت خارجہ کے ترجمان نیکونڈیٹ پھلانگکن نے ایک بریفنگ میں کہا ہے کہ تھائی لینڈ نے برکس پارٹنر ریاست بننے کے لیے روس کی دعوت کو قبول کر لیا ہے، جو کہ ایک مکمل رکن کے طور پر گروپ میں شامل ہونے کی جانب ایک اہم قدم ہے،
انہوں نے کہا کہ 31 اکتوبر کو، تھائی لینڈ کو روس کی طرف سے BRICS پارٹنر ریاست بننے کا دعوت نامہ موصول ہوا، 24 دسمبر کو کابینہ نے ایک اجلاس منعقد کیا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ تھائی لینڈ اس دعوت کا مثبت جواب دے گا۔ اسی دن، تھائی وزیر خارجہ نے روسی وزیر خارجہ کو ایک خط بھیجا، جس میں برکس میں شراکت دار ریاست کے طور پر شامل ہونے کے لیے تھائی لینڈ کی رضامندی کی تصدیق کی گئی ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ “برکس کی پارٹنر ریاست بننا تھائی لینڈ کے لیے ایک مکمل رکن کے طور پر برکس میں شامل ہونے کے راستے پر ایک اہم قدم ہے۔”
برکس کی شراکت دار ریاست کے طور پر، تھائی لینڈ اپنی معیشت کی ترقی کے لیے بہتر مواقع حاصل کرنے کے لیے گروپ کے اراکین کے ساتھ تعلقات کی سطح کو بلند کرنے کی امید رکھتا ہے۔ برکس پارٹنر کا درجہ ترقی پذیر ممالک کے ساتھ تعلقات استوار کرنے اور تعلقات کا ایسا نظام بنانے میں تھائی لینڈ کے کردار میں بھی اضافہ کرے گا جو ترقی پذیر ممالک کے لیے زیادہ فائدہ مند ہو گا.









