روس پر رات بھر 375 یوکرینی ڈرون حملے، ایک شہری ہلاک، متعدد زخمی

ماسکو(وائس آف رشیا) روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ گزشتہ شب ملک کے مختلف علاقوں پر ہونے والے یوکرینی ڈرون حملوں کے دوران فضائی دفاعی نظام نے 375 بغیر پائلٹ طیارے (UAVs) تباہ کر دیے۔ حملوں میں ایک شہری ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔

وزارت دفاع کے مطابق 15 جولائی رات 9 بجے سے 16 جولائی صبح 8 بجے (ماسکو وقت) کے دوران فضائی دفاعی نظام نے 19 روسی علاقوں، کریمیا، بحیرہ آزوف اور بحیرہ اسود کے اوپر یوکرینی فکسڈ ونگ ڈرونز کو تباہ کیا۔

بیان کے مطابق ڈرونز کو بیلگورود، بریانسک، وولگوگراد، وورونژ، کالوگا، کرسک، لیپیتسک، اوریول، روستوف، ریازان، ساراتوف، اسمولینسک، تویر، تولا، یاروسلاول، ماسکو، کراسنودار، اسٹاوروپول اور دیگر علاقوں میں مار گرایا گیا۔

ساراتوف ریجن کے شہر اینگلز پر ڈرون حملے میں متعدد افراد زخمی ہوئے جبکہ شہری انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا۔ ریجن کے گورنر رومن بوسارگن کے مطابق امدادی ٹیمیں موقع پر کام کر رہی ہیں۔

یاروسلاول ریجن میں ایک یوکرینی ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک شہری ہلاک اور چار افراد زخمی ہوئے۔ گورنر میخائل یورایف نے بتایا کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ تین زخمی مردوں کو ابتدائی علاج کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔

گورنر کے مطابق حملے کے باعث یاروسلاول سے ماسکو جانے والی ایک شاہراہ پر عارضی طور پر ٹریفک بھی معطل کر دی گئی تھی۔

دوسری جانب دونیتسک پیپلز ریپبلک کے شہر گورلووکا میں یوکرینی ڈرون حملے کے نتیجے میں ایمبولینس سروس کے تین اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ شہر کی انتظامیہ کے مطابق انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں