یوکرین کا روس کے بریانسک ریجن پر راکٹ حملہ، 2 خواتین ہلاک

ماسکو (وائس آف رشیا) روس کے سرحدی علاقے بریانسک ریجن کے ضلع سوزیمکا میں یوکرینی افواج نے گریڈ ملٹی پل راکٹ لانچر سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 15 سالہ لڑکی اور اس کی دادی ہلاک جبکہ ایک خاتون زخمی ہو گئی۔

بریانسک ریجن کے قائم مقام گورنر ییگور کووالچک نے ٹیلی گرام پر بتایا کہ حملہ سوزیمکا گاؤں پر کیا گیا، جو ضلع سوزیمکا کا انتظامی مرکز ہے۔

انہوں نے کہا کہ حملے میں ایک 15 سالہ بچی اور اس کی دادی جان کی بازی ہار گئیں، جبکہ ایک اور خاتون زخمی ہوئیں، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں ایک رہائشی مکان مکمل طور پر تباہ ہو گیا، جبکہ چار دیگر مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔ اس کے علاوہ متعدد ذیلی عمارتیں، ایک کار اور ایک ٹریکٹر بھی حملے کی زد میں آئے۔

واقعے کے بعد بریانسک ریجن کے پراسیکیوٹر ولادیمیر موسن نے ضلع سوزیمکا کے پراسیکیوٹر کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ افراد کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں اور مقامی حکام کے ساتھ رابطے میں رہیں اور صورتحال کی نگرانی کریں۔

پراسیکیوٹر کے دفتر نے متاثرہ شہریوں کی درخواستیں وصول کرنے اور انہیں قانونی معاونت فراہم کرنے کے لیے ایک ہاٹ لائن بھی قائم کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں