ماسکو (وائس آف رشیا): روسی خلائی ادارے روس کاسموس کا انسان بردار خلائی جہاز “سویوز ایم ایس-29” کامیابی کے ساتھ مدار میں داخل ہو گیا ہے۔ خلائی جہاز کی لانچنگ اور مدار میں کامیاب رسائی منصوبے کے مطابق مکمل ہوئی۔
روس کاسموس کے مطابق 75ویں طویل المدتی خلائی مشن کا عملہ تیز رفتار دو مداری (Two-Orbit) پرواز کے ذریعے تقریباً تین گھنٹوں میں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (ISS) تک پہنچے گا۔
خلائی جہاز کی بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے ڈاکنگ (الحاق) آج پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 56 منٹ پر متوقع ہے۔
ہوا بند دروازے (Hatches) کھولے جانے کے بعد روس کاسموس کے خلا باز پیوتر دوبروف، آنا کیکینا اور ناسا کے خلا باز انیل مینن بین الاقوامی خلائی اسٹیشن میں داخل ہوں گے۔
روس کاسموس کے مطابق عملہ 261 روز تک مدار میں قیام کرے گا، جہاں وہ 38 سائنسی تجربات انجام دے گا۔ ان تجربات میں “گازوآنالیزاتور-ایف ایس” (Gasoanalizator-FS)، “ٹیلی ڈروئیڈ” (Teledroid) اور “سولنتسے-ٹیرا ہرٹز” (Solntse-Terahertz) جیسے اہم سائنسی منصوبے شامل ہیں۔
روسی خلائی ادارے کے مطابق ان تجربات کا مقصد خلائی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور مستقبل کے انسان بردار خلائی مشنز کے لیے نئی سائنسی معلومات حاصل کرنا ہے۔









