ماسکو میں رنگا رنگ سٹینڈ اپ پیڈل فیسٹیول فیسٹیول، ہزاروں افراد کی شرکت، منفرد ملبوسات نے میلہ لوٹ لیا

ماسکو (وائس آف رشیا) روسی دارالحکومت ماسکو میں یومِ ماسکو ٹرانسپورٹ کی تقریبات کے سلسلے میں سریبریانی بور (Serebryany Bor) کے بیچ نمبر 3 پر رنگا رنگ سٹینڈ اپ پیڈل فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، جس میں سینکڑوں شہریوں، سیاحوں اور آبی کھیلوں کے شوقین افراد نے شرکت کی۔

سٹینڈ اپ پیڈل فیسٹیول ایک مقبول آبی کھیل ہے، جس میں کھلاڑی ایک بڑے بورڈ پر کھڑے ہو کر لمبے پیڈل (چپو) کی مدد سے پانی میں سفر کرتے ہیں۔ گزشتہ چند برسوں میں یہ کھیل دنیا بھر کی طرح روس میں بھی تیزی سے مقبول ہوا ہے۔

فیسٹیول کے دوران شرکاء نے تقریباً 9 کلومیٹر طویل آبی سفر کیا۔ رنگ برنگے اور تخلیقی ملبوسات اس تقریب کی سب سے نمایاں خصوصیت رہے۔ کسی نے سپر ہیرو، کسی نے فلمی یا کارٹون کردار جبکہ بعض شرکاء نے منفرد روایتی لباس پہن کر حاضرین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔ بہترین اور منفرد ملبوسات پہننے والوں کے درمیان مقابلہ بھی منعقد کیا گیا، جس کے فاتحین کو انعامات سے نوازا گیا۔

شرکاء کی سہولت کے لیے مختلف فوڈ چینز اور اسپانسرز کی جانب سے مفت آئس کریم، ٹھنڈا پانی، تازہ پھل اور دیگر ریفریشمنٹس فراہم کی گئیں، جبکہ پورے روٹ پر مختلف مقامات پر پانی اور طبی امداد کا بھی انتظام موجود تھا۔

تقریب میں بچوں اور خاندانوں کے لیے خصوصی تفریحی زون، کھیل، ورکشاپس اور موسیقی کے پروگرام بھی منعقد کیے گئے، جبکہ شام کو معروف فنکاروں کی لائیو پرفارمنس نے فیسٹیول کو مزید پرجوش بنا دیا۔

ماسکو ٹرانسپورٹ کی جانب سے منعقدہ اس تقریب کا مقصد شہریوں میں صحت مند طرزِ زندگی، آبی کھیلوں، ماحول دوست تفریح اور خاندانی سرگرمیوں کو فروغ دینا تھا۔ تقریب میں ملکی اور غیر ملکی میڈیا نمائندوں نے بھی شرکت کی اور اس منفرد فیسٹیول کی کوریج کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں