ماسکو(وائس آف رشیا) روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ گزشتہ رات روس کے مختلف علاقوں، بحیرہ اسود اور بحیرہ آزوف کے اوپر 415 یوکرینی بغیر پائلٹ طیارے (ڈرونز) مار گرائے گئے۔ حملوں میں سراتوف ریجن میں ایک شہری جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔ ٹاگانروگ بے میں دو ٹینکر بھی ڈرون حملے سے متاثر ہوئے۔
وزارت دفاع کے مطابق 7 جولائی رات 8 بجے سے 8 جولائی صبح 8 بجے (ماسکو وقت) کے دوران روسی فضائی دفاعی نظام نے 415 یوکرینی فکسڈ وِنگ ڈرونز کو تباہ کیا۔
وزارت کے مطابق یہ ڈرون بیلگورود، بریانسک، وولگوگراد، وولوگدا، وورونیزھ، ولادیمیر، کرسک، لیپیتسک، اوریول، روستوف، ریازان، سمارا، سراتوف، تولا، ماسکو، کراسنودار اور تاتارستان ریجنز کے علاوہ جمہوریہ کریمیا، بحیرہ آزوف اور بحیرہ اسود کے اوپر مار گرائے گئے۔
روستوف ریجن کے گورنر یوری سلوسار نے بتایا کہ نووشاختنسک، کامینسک۔شاختنسکی اور ریجن کے 11 اضلاع میں تقریباً 70 ڈرونز تباہ کیے گئے۔
اولیانوسک ریجن کے گورنر الیگزی روسکیخ کے مطابق وسطی اولیانوسک ریجن کے اوپر دو یوکرینی ڈرون مار گرائے گئے، جبکہ اوریول ریجن کے گورنر آندرے کلیچکوف نے بتایا کہ وہاں چھ ڈرون تباہ کیے گئے۔
وورونیزھ ریجن کے گورنر الیگزینڈر گوسیف نے کہا کہ گزشتہ رات ریجن کے جنوب مغربی حصے میں 12 یوکرینی ڈرونز کو مار گرایا گیا۔
سراتوف ریجن کے گورنر رومان بوسارگن نے کہا کہ یوکرینی ڈرون حملے میں ایک شہری جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔ سراتوف کے میئر ایگور مولچانوف کے مطابق حملے کے باعث شہر میں بنیادی ڈھانچے کی متعدد تنصیبات کے شیشے ٹوٹ گئے۔
روستوف ریجن کے گورنر یوری سلوسار نے بتایا کہ ٹاگانروگ بے میں روستوف آن ڈان جانے والے دو ٹینکر ڈرون حملے میں متاثر ہوئے۔ اس واقعے میں دو افراد معمولی زخمی ہوئے، جن میں ایک کو موقع پر طبی امداد دی گئی جبکہ دوسرے کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ٹینکر کے عملے کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا، جبکہ دونوں ٹینکر خالی تھے اور حملے کے نتیجے میں تیل یا تیل سے متعلق مصنوعات کا کوئی اخراج نہیں ہوا۔
تاتارستان ریجن کے توکائیفسکی ضلع میں ڈرون حملے سے دو افراد زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ یوکرینی ڈرونز نے نیژنے کامسک شہر کو بھی نشانہ بنایا، جہاں متعدد افراد معمولی زخمی ہوئے اور انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ حملوں کے نتیجے میں شہر کے کئی صنعتی اداروں کو بھی نقصان پہنچا۔
ادھر وورونیزھ ریجن میں یوکرینی ڈرون حملے کے باعث ایک بنیادی ڈھانچے کی تنصیب پر آگ بھڑک اٹھی، جبکہ امدادی ٹیمیں مختلف علاقوں میں حملوں کے بعد کی صورتحال سے نمٹنے میں مصروف ہیں۔









