یوکرینی ڈرون حملے میں بلیو اسٹریم گیس پائپ لائن کا کمپریسر اسٹیشن نشانہ بنا، مرمت کا کام جاری: گیزپروم

ماسکو(وائس آف رشیا ) روسی توانائی کمپنی گیزپروم نے کہا ہے کہ یوکرینی ڈرون حملے کے بعد بلیو اسٹریم گیس پائپ لائن کے کراسنودارسکایا کمپریسر اسٹیشن کو پہنچنے والے نقصان کی مرمت جاری ہے، تاہم ترکی کو گیس کی فراہمی بلا تعطل برقرار رہی۔

گیزپروم کے بیان کے مطابق 7 جولائی کو ماسکو کے وقت کے مطابق شام 7 بج کر 51 منٹ پر بلیو اسٹریم گیس پائپ لائن کے ذریعے روس سے گیس کی ترسیل کے نظام کا حصہ کراسنودارسکایا کمپریسر اسٹیشن بغیر پائلٹ طیاروں (ڈرونز) کے حملے کا نشانہ بنا۔

کمپنی کے مطابق اس حملے کا مقصد ترکی کو روسی گیس کی مسلسل فراہمی میں خلل ڈالنا تھا، تاہم بروقت اقدامات کے باعث گیس کی سپلائی متاثر نہیں ہوئی۔ گیزپروم نے بتایا کہ متاثرہ تنصیب کی مرمت کا کام جاری ہے۔

ادھر 7 اور 8 جولائی کو ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں نیٹو سربراہی اجلاس بھی منعقد ہو رہا ہے، جس میں نیٹو کے 32 رکن ممالک کے رہنما شریک ہیں۔ اجلاس کے دوران روس کے ساتھ ممکنہ فوجی محاذ آرائی کی تیاری، یوکرین کو اسلحہ اور مالی معاونت میں اضافہ، اور نیٹو کی اپنی دفاعی صلاحیتوں میں توسیع سمیت اہم امور پر غور کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں