ماسکو(وائس آف رشیا) گلگت بلتستان کے ضلع استور سے تعلق رکھنے والے ممتاز بینکار، سماجی شخصیت اور زرعی ترقیاتی بینک پاکستان کے سابق چیف کریڈٹ ڈیپارٹمنٹ افسر شاہ زمان کے تینوں بچوں نے روس کی معروف نیشنل ریسرچ یونیورسٹی ہائر اسکول آف اکنامکس (ماسکو) سے اعلیٰ تعلیم مکمل کرکے گلگت بلتستان اور پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔
شاہ زمان کے تینوں بچوں نے 2023 میں مکمل مالی معاونت پر اس عالمی شہرت یافتہ روسی جامعہ میں داخلہ حاصل کیا تھا۔ دو سالہ تعلیمی مدت کے دوران تینوں بہن بھائیوں نے مختلف شعبوں میں ماسٹرز کی ڈگریاں کامیابی سے مکمل کیں۔

شاہ زمان کی صاحبزادی ثناء زمان نے انٹرنیشنل ٹریڈ لا اینڈ ڈسپیوٹ ریزولوشن میں امتیازی حیثیت کے ساتھ ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ اس سے قبل وہ بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد سے ہیومن رائٹس اور میری ٹائم لا میں ایل ایل ایم جبکہ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد سے ایل ایل بی (شریعہ اینڈ لا) مکمل کر چکی ہیں۔
ان کے بڑے صاحبزادے زیشان عباس شاہ نے پولیٹکس، اکنامکس اینڈ فلاسفی (PEP) میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ یہ بین الشعبہ پروگرام دنیا کی معروف جامعات میں پیش کیا جاتا ہے، جس میں قیادت، پالیسی سازی، معاشیات اور فلسفے کو یکجا کیا جاتا ہے تاکہ مستقبل کے پالیسی ساز اور عالمی رہنما تیار کیے جا سکیں۔
اس سے قبل انجینئر زیشان عباس شاہ کیپیٹل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، اسلام آباد سے سول انجینئرنگ میں بیچلر ڈگری حاصل کر چکے ہیں۔ وہ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (FWO) میں جونیئر پراجیکٹ منیجر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ Wader Solution AG (سوئٹزرلینڈ) اور S3DA Design Firm (امریکا) سمیت بین الاقوامی اداروں کے ساتھ پراجیکٹ مینجمنٹ اور انجینئرنگ کے شعبوں میں بھی پیشہ ورانہ تجربہ رکھتے ہیں۔
شاہ زمان کے تیسرے صاحبزادے انجینئر سمر عباس شاہ نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (NUST)، اسلام آباد سے سول انجینئرنگ میں گولڈ میڈل کے ساتھ گریجویشن مکمل کیا۔ بعد ازاں انہوں نے مکمل مالی معاونت پر ماسکو میں اعلیٰ تعلیم کا آغاز کیا اور انٹرنیشنل بزنس مینجمنٹ میں امتیازی حیثیت کے ساتھ ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔
شاہ زمان اور ان کے بچوں کی یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ گلگت بلتستان باصلاحیت نوجوانوں کی سرزمین ہے۔ مناسب مواقع، معیاری تعلیم اور مسلسل محنت کے ذریعے اس خطے کے نوجوان دنیا کے ممتاز تعلیمی اداروں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔
شاہ زمان کے خاندان کی یہ کامیابی نہ صرف گلگت بلتستان بلکہ پورے پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے، جبکہ نوجوان نسل کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال بھی ہے۔









