ہرمیٹیج میوزیم میں پوتن اور ٹرمپ کی ممکنہ ملاقات پر تاحال کوئی اتفاق نہیں ہوا: کریملن

ماسکو(وائس آف رشیا) کریملن نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے روس کے ممکنہ دورے، جس میں سینٹ پیٹرزبرگ کے تاریخی ہرمیٹیج میوزیم کے دورے کا امکان بھی شامل ہے، کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی معاہدہ نہیں ہوا۔

روسی صدارتی ترجمان دیمتری پیسکوف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس سوال کے جواب میں کہ آیا روسی صدر ولادیمیر پوتن نے اپنے امریکی ہم منصب کو اپنے آبائی شہر سینٹ پیٹرزبرگ اور ہرمیٹیج میوزیم کے دورے کی دعوت دی ہے، کہاکہ اس حوالے سے اس وقت تک کوئی مخصوص معاہدہ نہیں ہوا۔

اس سے قبل کریملن کے معاون یوری اوشاکوف نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ صدر ٹرمپ نے حالیہ ٹیلیفونک گفتگو کے دوران ہرمیٹیج میوزیم کی تعریف کی تھی۔ ان کے مطابق صدر پوتن نے ٹرمپ کو یاد دلایا کہ انہیں روس کے دورے کی مستقل دعوت حاصل ہے۔

ٹاس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ اس سے قبل 1987 میں اس وقت کے سوویت یونین کے دورے پر لینن گراڈ (موجودہ سینٹ پیٹرزبرگ) آئے تھے، جہاں انہوں نے ماسکو اور لینن گراڈ میں ہوٹل تعمیر کرنے کے ممکنہ منصوبوں پر بات چیت کے سلسلے میں شہر کے تاریخی مقامات کا بھی دورہ کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں