لوگانسک (وائس آف رشیا) روسی وزارت خارجہ کے سفیر برائے خصوصی امور روڈیون میروشینک نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران یوکرینی حملوں میں 38 روسی شہری، جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے، جاں بحق ہوئے جبکہ 270 افراد زخمی ہوئے، جن میں آٹھ کم عمر بچے بھی شامل ہیں۔
ٹاس سے گفتگو کرتے ہوئے روڈیون میروشینک نے کہا، “گزشتہ ایک ہفتے کے دوران یوکرینی نازیوں کے حملوں سے مجموعی طور پر 308 شہری متاثر ہوئے۔ ان میں 38 افراد، جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے، جاں بحق ہوئے جبکہ 270 دیگر زخمی ہوئے، جن میں آٹھ کم عمر بچے شامل ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ شہری ہلاکتوں اور زخمیوں کی سب سے زیادہ تعداد بیلگورود، زاپوروزیے اور خیرسون ریجنز کے علاوہ ڈونیٹسک اور لوگانسک عوامی جمہوریاؤں میں ریکارڈ کی گئی۔
روڈیون میروشینک کے مطابق روس میں شہریوں کی زیادہ تر ہلاکتیں اور زخمی یوکرینی ڈرون حملوں کے باعث ہوئے، جو گزشتہ ہفتے رپورٹ ہونے والے مجموعی شہری نقصانات کا 95 فیصد بنتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یوکرینی مسلح افواج نے بین الاقوامی انسانی قانون کو نظر انداز کرتے ہوئے طبی مراکز اور ایمبولینس گاڑیوں کو بھی نشانہ بنانا جاری رکھا۔ ڈونیٹسک عوامی جمہوریہ کے شہر گورلوفکا میں ایک ڈرون حملے میں ایمبولینس گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس سے تین طبی کارکن زخمی ہوئے، جبکہ زاپوروزیے ریجن میں بھی اسی نوعیت کے حملے میں تین مزید طبی اہلکار زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ خیرسون ریجن کے گاؤں سیمیونووکا میں ایک دیہی طبی مرکز کو بھی نقصان پہنچا۔
میروشینک نے بتایا کہ یوکرینی فورسز نے ڈرونز کے ذریعے بارودی سرنگیں بھی بچھائیں۔ ان کے مطابق لوگانسک عوامی جمہوریہ کے شہر پروومائسک میں بارودی مواد پھٹنے سے 17 سالہ نوجوان زخمی ہوا۔ کورسک ریجن کے شہر رائلسک میں انتظامی عمارت کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکے میں چار مقامی سرکاری اہلکار اور دو راہگیر زخمی ہوئے، جبکہ اولگووکا گاؤں کے قریب کھیت میں بارودی سرنگ سے ٹریکٹر ٹکرانے کے نتیجے میں 32 سالہ ٹریکٹر ڈرائیور بھی زخمی ہوا۔
روڈیون میروشینک نے مزید کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران یوکرین نے روسی علاقے پر تقریباً 5 ہزار گولہ بارود اور مختلف حملہ آور ہتھیار داغے۔









