وفاقی اردو یونیورسٹی اسلام آباد اور فنانشل یونیورسٹی ماسکو کے اشتراک سے پاک۔روس طلبہ تحقیقی کانفرنس کل منعقد ہوگی

ماسکو ( وائس آف رشیا) وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون، سائنس و ٹیکنالوجی (FUUAST) اسلام آباد کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات، روسی فیڈریشن کی حکومت کے تحت قائم فنانشل یونیورسٹی کی فیکلٹی آف سوشل سائنسز اور کنسورشیم آف ایشیا پیسیفک اینڈ یوریشین اسٹڈیز (CAPES) کے اشتراک سے پاکستان۔روس بین الاقوامی طلبہ تحقیقی کانفرنس 2025-2026 کل 6 جولائی 2026 کو آن لائن منعقد ہوگی۔

یہ کانفرنس چھ ماہ پر محیط مشترکہ تحقیقی منصوبے کی اختتامی تقریب ہوگی، جس میں پاکستان اور روس کے طلبہ اور اساتذہ نے مشترکہ طور پر تحقیق کی۔ یہ اپنی نوعیت کی پہلی کانفرنس ہے جو اس مشترکہ تعلیمی اقدام کے تحت پاکستان اور روس کے اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے۔

کانفرنس کے دوران نو بین الاقوامی طلبہ تحقیقی ٹیمیں دونوں جامعات کے اساتذہ کی نگرانی میں مکمل ہونے والی اپنی مشترکہ تحقیق پیش کریں گی۔ تحقیقی مقالات میں پاک۔روس تعلقات، میڈیا، مصنوعی ذہانت، موسمیاتی تحفظ، ثقافت، تجارت اور سماجی و معاشی ترقی سمیت مختلف موضوعات کا احاطہ کیا جائے گا۔

کانفرنس میں پیش کیے جانے والے تحقیقی مقالات کا جائزہ لینے کے بعد انہیں اس مشترکہ تحقیقی منصوبے کے نتیجے میں ایک مرتب شدہ کتاب کی صورت میں شائع بھی کیا جائے گا۔

کانفرنس سے قبل گفتگو کرتے ہوئے وفاقی اردو یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے سربراہ ڈاکٹر فیصل جاوید نے کہا کہ بین الاقوامی تعلیمی تعاون شعبے کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کے مطابق ایسے اقدامات طلبہ اور اساتذہ کو عالمی تحقیقی شراکت داروں کے ساتھ کام کرنے، خیالات کے تبادلے اور عالمی علمی برادری میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قیمتی مواقع فراہم کرتے ہیں۔

فنانشل یونیورسٹی ماسکو کی فیکلٹی آف سوشل سائنسز کی ڈپٹی ڈین ڈاکٹر داریا اوسینینا نے کہا کہ یہ کانفرنس پاکستان اور روس کے درمیان فروغ پاتے ہوئے تعلیمی تعاون کی عکاسی کرتی ہے اور طلبہ کو بین الاقوامی تحقیقی اشتراک اور علمی تبادلے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں