ماسکو(وائس آف رشیا) روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے زاپوروزیے ریجن کے شہر توکماک کی ایک مصروف مارکیٹ پر یوکرینی ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے یوکرین کی جانب سے کیا گیا ایک اور “سنگین جنگی جرم” قرار دیا ہے۔
ماریہ زخارووا نے اپنے بیان میں کہا کہ 3 جولائی کو یوکرینی فورسز نے زاپوروزیے ریجن کے شہر توکماک کی ایک مصروف مارکیٹ کو جان بوجھ کر ڈرون حملے کا نشانہ بنایا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس حملے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 18 زخمی ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ “تاہم یہ بھی یوکرینی جنگجوؤں کے لیے کافی نہیں تھا۔ اپنی فوجی ناکامیوں پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے ان بے گناہ لوگوں کو بھی نشانہ بنایا جو زخمیوں کی مدد کے لیے پہنچے تھے، اور زخمیوں کو طبی مراکز منتقل کرنے کی کوششوں میں بھی رکاوٹ ڈالی۔”
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہاکہ “ہم زیلنسکی حکومت کے اس سنگین جنگی جرم کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، جس نے اپنے مغربی سرپرستوں کی خاموش حمایت کے ساتھ نہتے شہریوں، خواتین، بزرگوں اور بچوں کے خلاف ایک بے رحم جنگ چھیڑ رکھی ہے۔”









