ماسکو (وائس آف رشیا) روسی وزارت دفاع کے مطابق یوکرین نے رات بھر روس کے مختلف علاقوں پر بڑے پیمانے پر ڈرون حملے کیے، جن میں روسی فضائی دفاعی نظام نے 155 یوکرینی ڈرون مار گرائے۔ حملے مختلف روسی علاقوں، جزیرہ کریمیا، بحیرہ آزوف اور بحیرہ اسود کے اوپر کیے گئے۔
اسمولینسک ریجن کے گورنر واسیلی انوخین کے مطابق یوکرینی ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک صنعتی تنصیب پر آگ لگ گئی، تاہم فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پا لیا۔ حکام کے مطابق شہری آبادی یا بنیادی ڈھانچے کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوا اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
دوسری جانب بیلگورود شہر اور اس کے نواحی علاقے پر میزائل حملہ بھی کیا گیا، جس میں ایک خاتون ہلاک جبکہ دوسری زخمی ہو گئی۔ علاقائی حکام کے مطابق زخمی خاتون کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
حملے کے باعث بیلگورود میں متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا جبکہ بجلی اور پانی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔ حکام کے مطابق توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا، ایک تنصیب پر آگ بھڑک اٹھی اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ روسی توانائی کمپنی نے بتایا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی مرحلہ وار بحال کی جا رہی ہے۔









