ماسکو(وائس آف رشیا) روسی وزارتِ دفاع کے مطابق یوکرینی ڈرون حملوں کے دوران گزشتہ رات روس کے مختلف علاقوں اور بحیرہ اسود کے اوپر 269 ڈرونز کو روسی فضائی دفاعی نظام نے تباہ کر دیا۔
روسی حکام کے مطابق یوکرینی ڈرون حملوں میں کریمیا میں دو افراد، جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے، ہلاک ہوئے جبکہ دو افراد زخمی ہوئے۔
روسی وزارتِ دفاع کے مطابق 24 جون کی رات 8 بجے سے 25 جون کی صبح 7 بجے تک روسی فضائی دفاعی نظام نے بیلگورود، برائنسک، وولگوگراڈ، کالوگا، کرسک، اوریول، ساراتوف، سمولینسک، روستوف، تولا، کراسنودار، ماسکو ریجن، کریمیا اور بحیرہ اسود کے علاقوں میں ڈرونز کو نشانہ بنایا۔
روس کے جنوبی علاقے کراسنودار ریجن میں ڈرون کے ملبے گرنے سے پولتاوسکایا آئل ڈپو میں آگ بھڑک اٹھی۔ حکام کے مطابق امدادی ٹیموں نے کارروائی شروع کر دی جبکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اسی علاقے کے ابنسک میں بھی ڈرون ملبے کے باعث ایک صنعتی مقام پر آگ لگی جسے بعد میں بجھا دیا گیا۔ حکام کے مطابق یہاں بھی کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔
روستوف ریجن کے گورنر یوری سلیوسار کے مطابق متعدد ڈرونز کو کامینسک شاختنسکی شہر اور مختلف اضلاع میں مار گرایا گیا، جبکہ تولا اور کالوگا ریجن کے حکام نے بھی فضائی دفاعی نظام کی جانب سے ڈرونز کی تباہی کی اطلاع دی۔
کریمیا کے سربراہ سرگئی اکسیونوف نے حملے میں ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔









