صدر پوتن کا روسی فضائی صنعت کو تیز رفتار ترقی دینے پر زور، ملکی طیاروں کی پیداوار بڑھانے کی ہدایت

ماسکو(وائس آف رشیا) روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ملکی فضائی صنعت اور سول ایوی ایشن کی ترقی کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس کو اپنے مسافر اور فوجی طیاروں کی مکمل تیاری کی صلاحیت برقرار رکھتے ہوئے پیداوار میں نمایاں اضافہ کرنا ہوگا۔

ژوکوفسکی میں واقع ایم۔ایم۔ گروموف فلائٹ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر پوتن نے کہا کہ روس دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جو طیاروں اور ہوائی انجنوں کی مکمل تیاری کا پورا پیداواری سلسلہ خود قائم رکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جو ملک کی تکنیکی، سائنسی اور صنعتی خودمختاری کا اہم مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ مغربی پابندیوں کے باعث روس کو درآمدی پرزہ جات اور ٹیکنالوجی کا متبادل خود تیار کرنا پڑا، تاہم روسی ماہرین اور انجینئرز نے نہ صرف اس چیلنج پر قابو پایا بلکہ کئی شعبوں میں ایسی ٹیکنالوجی تیار کی جو عالمی معیار کے برابر یا بعض پہلوؤں میں اس سے بہتر ہے۔

صدر پوتن نے بتایا کہ ایم ایس-21 (MS-21)، سپرجیٹ 100 (SJ-100) اور اِل-114-300 (Il-114-300) جیسے جدید روسی طیارے ملکی فضائی صنعت کی نئی کامیابیوں کی علامت ہیں۔ ان کے مطابق نوجوان روسی انجینئرز اور ڈیزائنرز اس پیش رفت میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں اور کئی منصوبوں پر کام کرنے والی ٹیموں کی اوسط عمر صرف 32 سے 35 سال ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک میں ہوائی سفر کی طلب مسلسل بڑھ رہی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ روسی ایئرلائنز کو زیادہ سے زیادہ جدید مقامی طیارے فراہم کیے جائیں تاکہ فضائی سفر محفوظ، آرام دہ اور عوام کے لیے قابلِ رسائی بنایا جا سکے۔

صدر پوتن نے وزارتِ ٹرانسپورٹ، وزارتِ صنعت، فضائی کمپنیوں اور طیارہ ساز اداروں کو ہدایت کی کہ وہ ملکی طیاروں کی پیداوار بڑھانے، نئی ماڈلز کی تیاری اور فضائی بیڑے کی ضروریات کے مطابق طویل المدتی منصوبہ بندی پر عمل کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت فضائی صنعت کی بھرپور معاونت جاری رکھے گی، تاہم منصوبوں کے معیار، نتائج اور بروقت تکمیل کے حوالے سے متعلقہ اداروں اور ذمہ داران سے سخت جوابدہی بھی برقرار رہے گی۔

اجلاس میں سول ایوی ایشن، ہوائی سفر، طیارہ سازی، انجن سازی اور روسی فضائی صنعت کی مستقبل کی حکمتِ عملی سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں