اسلام آباد ( شہریار شاہد ) پاکستان اور روس کے درمیان بین الاقوامی دہشت گردی کے انسداد کے لیے قائم مشترکہ ورکنگ گروپ کا 12واں اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں دونوں ممالک نے دہشت گردی کے خلاف تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
پاکستانی وفد کی قیادت وزارتِ خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری سفیر محمد خالد خان جمالی نے کی، جبکہ روسی وفد کی سربراہی روس کے نائب وزیر خارجہ دمتری لیوبنسکی نے کی۔
اجلاس کے دوران خطے کو درپیش دہشت گردی کے خطرات کا جائزہ لیا گیا، خصوصاً افغانستان سے جنم لینے والی دہشت گرد سرگرمیوں اور ان کے پڑوسی ممالک اور پورے خطے کی سلامتی پر ممکنہ اثرات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
دونوں فریقین نے انسداد دہشت گردی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا اور اس تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر غور کیا۔ اس موقع پر اقوام متحدہ اور شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) سمیت علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر مشترکہ رابطوں اور تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور روس دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے اور خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے قریبی تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گے۔









