بیلاروس نے پاکستانی شہریوں کے لیے آن ارائیول ویزا سہولت کا اعلان کر دیا

اسلام آباد / منسک(وائس آف رشیا) بیلاروس نے پاکستان کو اُن ممالک کی فہرست میں شامل کر لیا ہے جن کے شہری مخصوص شرائط پوری کرنے پر بیلاروس پہنچنے کے بعد آن ارائیول ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔ پاکستان کی وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ سہولت اُن پاکستانی پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے دستیاب ہے جو ایک سے زیادہ بار استعمال ہونے والا (Multiple Entry) شینگن ویزا رکھتے ہوں۔

وزارتِ خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق ایسے پاکستانی شہری زیادہ سے زیادہ 30 روز تک بیلاروس میں قیام کے لیے آن ارائیول ویزا حاصل کر سکیں گے۔ اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں مدد ملے گی۔

بیلاروس میں داخلے کے لیے پاکستانی مسافروں کے پاس کارآمد پاسپورٹ، یورپی یونین یا شینگن زون کے کسی رکن ملک کا کارآمد ملٹی پل انٹری ویزا، متعلقہ ملک کی انٹری اسٹیمپ، اور منسک یا دیگر مجاز بین الاقوامی ہوائی اڈوں کے لیے واپسی کا فضائی ٹکٹ ہونا ضروری ہوگا۔ یہ سہولت صرف فضائی راستے سے آنے والے مسافروں کے لیے ہے، جبکہ سڑک، بس یا ریل کے ذریعے داخلہ اس اسکیم کے تحت ممکن نہیں ہوگا۔

ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے پاکستان اور بیلاروس کے درمیان سیاحت، کاروباری سرگرمیوں اور دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں