نیویارک (وائس آف رشیا) اقوام متحدہ میں امریکہ کے مستقل مندوب مائیک والٹز نے کہا ہے کہ امریکی انتظامیہ کو یقین ہے کہ ایران کے ساتھ مجوزہ معاہدہ 14 جون کو طے پا جائے گا۔
ایک امریکی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے مائیک والٹز نے کہا کہ انہیں اور امریکی مذاکراتی ٹیم کو معاہدے کی کامیابی پر مکمل اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ یا نائب صدر جے ڈی وینس سے پہلے کوئی اعلان نہیں کرنا چاہتے، تاہم امریکی قیادت کی بھرپور خواہش ہے کہ معاہدہ آج ہی مکمل ہو جائے۔
مائیک والٹز کے مطابق امریکہ ایران کو پیشگی رقم فراہم نہیں کرے گا، جبکہ منجمد اثاثوں کی بحالی یا پابندیوں میں نرمی کا عمل “کارکردگی کے بدلے مراعات” کی بنیاد پر ہوگا۔
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ واشنگٹن اور تہران 14 جون کو ایک معاہدے کو حتمی شکل دے سکتے ہیں، جس کے تحت آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھول دی جائے گی۔
دوسری جانب پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بھی امید ظاہر کی ہے کہ امن معاہدہ آئندہ 24 گھنٹوں میں طے پا سکتا ہے، جس کے بعد فریقین کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات کا آغاز ہوگا۔
مبصرین کے مطابق اگر یہ معاہدہ کامیاب ہو جاتا ہے تو مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں نمایاں کمی آ سکتی ہے، جبکہ عالمی تیل منڈیوں اور بین الاقوامی تجارت پر بھی اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔









