صدر آصف علی زرداری نے روس کو قابلِ اعتماد شراکت دار اور اہم عالمی طاقت قرار دے دیا

اسلام آباد (وائس آف رشیا): صدر پاکستان آصف علی زرداری نے روس کو پاکستان کا قابلِ اعتماد شراکت دار اور ایک اہم عالمی طاقت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد ماسکو کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔

یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں روسی فیڈریشن کے قومی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صدر زرداری نے روسی صدر ولادیمیر پوتن، پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ پی خوریف اور روسی عوام کو قومی دن کی مبارکباد پیش کی۔

صدر زرداری نے کہا کہ روس کا قومی دن آزادی، قومی خودمختاری، تاریخی ورثے اور روسی عوام کے عزم و حوصلے کی علامت ہے۔ انہوں نے 2011 میں اپنے دورۂ روس کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ صدر پوتن نے دونوں ممالک کو قریب لانے اور باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ مفادات پر مبنی تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے تعلقات گزشتہ برسوں میں مسلسل مضبوط ہوئے ہیں اور ان کی بنیاد سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی دور اندیش قیادت نے رکھی، جبکہ بے نظیر بھٹو نے بھی ان تعلقات کو نئی جہت دی۔

صدر زرداری نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے بطور وزیر خارجہ فعال سفارت کاری کے ذریعے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں کردار ادا کیا۔ انہوں نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے حالیہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور کئی دہائیوں میں پاک روس تعلقات کا سب سے مثبت مرحلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ توانائی، صنعت، زراعت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون تیزی سے فروغ پا رہا ہے، جبکہ اس وقت تقریباً 1300 پاکستانی طلبہ روس میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط کو مضبوط بنا رہے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روسی سفیر البرٹ پی خوریف نے پاک فوج کے ایم-17 ہیلی کاپٹر حادثے پر اظہار افسوس کیا اور پاکستان کے روس۔یوکرین تنازع کے حوالے سے متوازن اور غیر جانبدار مؤقف کو سراہا۔

تقریب کے دوران روسی فنکاروں نے مختلف علاقوں کی ثقافت اور روایات کی عکاسی کرنے والی رنگا رنگ پرفارمنس پیش کیں، جن میں روایتی رقص، موسیقی اور تلواروں کا خصوصی مظاہرہ شامل تھا۔ اس موقع پر روس کے دارالحکومت ماسکو اور ملک کی ثقافتی و تاریخی وراثت پر مبنی ایک خصوصی دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں