اٹلی (نیازی فرقان علی شاہ) اٹلی سے نمائندہ وائس آف رشیا نیازی فرقان علی شاہ کی رپورٹ کے مطابق اٹلی کے صوبہ کومو میں “کریشیتا سینزا کونفینی” کے نام سے کمیونٹی ڈیولپمنٹ پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا، جس کا مقصد پاکستان اور اٹلی کے درمیان تعاون کو فروغ دینا اور تارکینِ وطن کو مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کرنا ہے۔
افتتاحی تقریب میں صوبہ کومو کے میئر، پاک فیڈریشن اٹلی کے چیئرمین آصف رضا اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی، جبکہ پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ پروگرام کی قیادت ڈاکٹر محمد عثمان کر رہے ہیں، جبکہ پاکستانی سفارت خانے نے بھی اس منصوبے کے لیے مکمل تعاون کا اعلان کیا ہے۔
ویڈیو لنک کے ذریعے وزیراعظم پاکستان کی کوآرڈینیٹر رومینا خورشید عالم نے خطاب کرتے ہوئے اس منصوبے کو سراہا اور اسے کمیونٹیز کی فلاح کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔
منتظمین کے مطابق اب تک 900 سے زائد افراد اس پروگرام میں رجسٹر ہو چکے ہیں، جبکہ مستقبل میں 10 ہزار افراد تک اس کے فوائد پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اس پروگرام کے تحت قانونی رہنمائی، مالی معاونت، فیملی ری یونین، اور نوجوانوں کے لیے تعلیم و تربیت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
ماہرین کے مطابق یہ منصوبہ اٹلی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا اور دونوں ممالک کے درمیان سماجی و معاشی روابط کو مزید مضبوط بنائے گا۔
تقریب کے اختتام پر مہمانوں اور شرکاء کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔
















