روس نے اپنے شہریوں کو مالدووا کے سفر سے گریز کی ہدایت کر دی

ماسکو (وائس آف رشیا) روسی وزارتِ خارجہ نے اپنے شہریوں کو مالدووا کے سفر سے گریز کرنے کی سخت ہدایت جاری کی ہے اور الزام عائد کیا ہے کہ مالدووا میں روسی شہریوں کے خلاف امتیازی سلوک اور غیر مناسب ہراسانی کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔

وزارتِ خارجہ کے مطابق ماسکو کو متعدد ایسی شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ مالدووا کے حکام روسی شہریوں کو ہوائی اڈوں اور سرحدی چیک پوائنٹس پر غیر ضروری طور پر روکتے ہیں، سخت تلاشی لیتے ہیں اور بعض صورتوں میں ملک میں داخلے سے بھی منع کر دیتے ہیں۔

بیان کے مطابق دارالحکومت کے ہوائی اڈے پر روسی پاسپورٹ ہولڈرز کو گھنٹوں ٹرانزٹ زون میں رکھا جاتا ہے، جہاں انہیں بنیادی سہولیات تک رسائی بھی نہیں دی جاتی۔ بعض افراد کو دو روز سے زائد انتظار کے بعد من گھڑت وجوہات پر ملک میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔

روسی وزارتِ خارجہ نے مزید بتایا کہ مالدووا کی حکومت روسی شہریوں کے لیے قونصلر رسائی میں بھی رکاوٹیں پیدا کر رہی ہے جبکہ روسی سفارتی مشن کی درخواستیں اکثر نظر انداز کر دی جاتی ہیں جس کے باعث قونصلر سروسز فراہم کرنا تقریباً ناممکن ہو گیا ہے۔

بیان کے آخر میں روسی شہریوں کو موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے مالدووا کے سفر سے مکمل گریز کی تاکید کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند برسوں میں روس اور مالدووا کے تعلقات کشیدگی کا شکار رہے ہیں جبکہ مالدووا یورپی یونین اور نیٹو کے ساتھ بھی تعاون بڑھا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں