وسطی ایشیا میں امن کے فروغ پر تین صدور کو عالمی امن ایوارڈ، صدر پوتن کا خطاب

ماسکو(وائس آف رشیا) وسطی ایشیا میں امن و سلامتی کے فروغ میں نمایاں ذاتی خدمات کے اعتراف میں کرغزستان کے صدر صدر جپاروف، تاجکستان کے صدر امام علی رحمان اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف کو بین الاقوامی امن انعام سے نوازا گیا۔ یہ ایوارڈ معروف روسی ادیب اور عظیم مفکر لیو ٹالسٹائی کے نام سے منسوب ہے۔

ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا کہ ٹالسٹائی کے نام سے منسوب یہ انعام امن، انسان دوستی، باہمی احترام اور بین الاقوامی قانون کی بالادستی جیسے اصولوں کی علامت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لیو ٹالسٹائی نے اپنی تحریروں اور فکر کے ذریعے جنگ، تشدد اور نفرت کے خلاف آواز بلند کی اور اقوام کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دیا۔

صدر پوتن نے کہا کہ اگرچہ یہ ایوارڈ حال ہی میں قائم کیا گیا ہے، تاہم قلیل عرصے میں اس نے عالمی سطح پر غیر معمولی پذیرائی حاصل کی ہے اور اس کا مقصد اقوام کو امن، دوستی اور کثیر قطبی عالمی نظام کے اصولوں کے گرد متحد کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے رہنماؤں کو یہ ایوارڈ وسطی ایشیا میں امن و سلامتی کے قیام میں ان کے مؤثر کردار پر دیا جا رہا ہے۔ صدر پوتن نے اس موقع پر 31 مارچ کو تاجکستان کے تاریخی شہر خجند میں ہونے والے معاہدے کا خصوصی ذکر کیا، جہاں تینوں ممالک نے سرحدی حدود کے تعین اور دائمی دوستی کے اعلامیے پر دستخط کیے۔

روسی صدر کے مطابق، اس معاہدے سے طویل عرصے سے جاری سرحدی مسائل کا حل ممکن ہوا، جس کے نتیجے میں خطے میں اعتماد، ہمسائیگی اور باہمی فائدے کی بنیاد پر تعاون کے نئے امکانات پیدا ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اس پیش رفت سے نہ صرف معاشی تعاون، سرمایہ کاری اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو فروغ ملے گا بلکہ دہشت گردی، انتہا پسندی، منشیات اسمگلنگ، غیر قانونی ہجرت اور اسمگلنگ جیسے سرحد پار خطرات سے نمٹنے میں بھی مدد ملے گی۔

صدر پوتن نے ایوارڈ حاصل کرنے والے تینوں صدور کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وسطی ایشیا کے رہنماؤں نے سیاسی بصیرت اور دانش مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطے میں امن کی ایک مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ دیگر ممالک بھی اس ماڈل سے سبق حاصل کریں۔

خطاب کے اختتام پر روسی صدر نے ایوارڈ یافتہ رہنماؤں کے لیے صحت و کامیابی جبکہ کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے عوام کے لیے استحکام اور خوشحالی کی دعا کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں