ماسکو(وائس آف رشیا) صدر ولادیمیر پوتن بھارت کے دو روزہ سرکاری دورے کے لیے روانہ، یورپی کمیشن روسی جمی ہوئی فنڈز سے یوکرین کو مالی امداد دینے پر غور، جبکہ یورپی یونین ‘ملٹری شینجن’ منصوبے پر بھی سوچ رہا ہے،
روسی اخبارات کی اہم سرخیاں آج کچھ یوں ہیں
پوتن کا بھارت کا اہم سرکاری دورہ — Izvestia
صدر ولادی میر پوتن چار سال بعد 4–5 دسمبر کو بھارت کا سرکاری دورہ کریں گے، جہاں 10 سرکاری معاہدوں اور 15 سے زائد تجارتی کنٹریکٹس پر دستخط ہوں گے۔ دونوں ممالک 2030 تک اقتصادی شراکت داری کے نئے اسٹریٹجک اہداف کا اعلان کریں گے جبکہ باہمی تجارت کو 100 ارب ڈالر تک پہنچانے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
Roscosmos اور Rosatom اپنے مخصوص تعاون کے منصوبے لے کر نئی دہلی پہنچ رہے ہیں۔
دفاعی تعاون بھی ایجنڈے پر شامل ہے، جس میں Su-57 لڑاکا طیاروں، S-400 اور ممکنہ طور پر S-500 نظام کی فراہمی کے معاہدوں پر پیش رفت کا امکان ہے۔ یوکرین تنازع کے بعد بھارت روسی خام تیل کے بڑے خریداروں میں شامل ہے جس پر واشنگٹن نے ناراضی ظاہر کی ہے۔
دورے کے دوران سفر، ویزا اور براہِ راست پروازوں میں توسیع سمیت سیاحت کے فروغ پر بھی غور ہوگا، جبکہ 23ویں روس-بھارت سربراہی اجلاس میں دونوں ممالک کے 150 بڑے کاروباری رہنما شرکت کریں گے۔
منجمد روسی اثاثوں کا معاملہ — Vedomosti
یورپی کمیشن نے یوکرین کے لیے 2026–27 میں 90 ارب یورو کی امداد فراہم کرنے کے لئے دو تجاویز پیش کی ہیں:
مالیاتی منڈیوں سے قرض لے کر براہِ راست یوکرین کو قرض دینا،
یا منجمد روسی ریاستی اثاثوں کو استعمال کرکے ’’ریپریشن لون‘‘ دینے کا منصوبہ۔
210 ارب یورو کے روسی اثاثے منجمد ہیں، تاہم فی الحال 90 ارب یورو استعمال کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
ماہرین کے مطابق کسی تیسرے ملک کے منجمد اثاثوں کو استعمال کر کے کسی دوسرے ملک کی مالی مدد دینے کی تاریخی مثال موجود نہیں جبکہ بیلجیم اور ہنگری جیسے ممالک اس منصوبے کی منظوری روک سکتے ہیں۔
یورپی یونین کا ’ملٹری شینگن‘ منصوبہ — Izvestia
یورپی یونین نے ایک نئے ’’ملٹری شینگن‘‘ نظام پر کام تیز کردیا ہے، جس کے تحت یورپی ممالک کے درمیان فوجی نقل و حرکت کو تیز اور مشترکہ فوجی انفراسٹرکچر بنایا جائے گا۔ منصوبے کے لیے 100 ارب یورو درکار ہوں گے اور 500 سے زائد ٹرانسپورٹ و لاجسٹکس منصوبے شامل ہیں۔
روس نے اس اقدام کو ’’مشرق سے فرضی خطرے‘‘ کے بہانے یورپی یونین کا عسکری اتحاد میں تبدیل ہونے کی کوشش قرار دیا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اس منصوبے کا یورپی دفاعی صلاحیت پر کم اور بڑے مالیاتی و تعمیراتی مفادات پر زیادہ اثر پڑے گا۔
امریکہ اور وینزویلا کی کشیدگی — Rossiyskaya Gazeta
رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منشیات سے متعلق اہداف پر ممکنہ حملوں کا عندیہ دیا ہے، لیکن کسی ممکنہ فوجی کارروائی کی واضح تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یوکرین تنازع میں امریکی شمولیت نے واشنگٹن کو وینزویلا کے خلاف براہ راست فوجی کارروائی سے فی الحال روک رکھا ہے۔
روبلوکس پر روسی پابندی — روسی میڈیا
Roskomnadzor نے بچوں میں مقبول آن لائن گیم Roblox پر پابندیاں عائد کر دی ہیں، جس کی وجہ پرتشدد، انتہاپسندانہ اور LGBT سے متعلق مواد کی موجودگی بتائی گئی ہے۔
Roblox کے دنیا بھر میں 380 ملین صارفین میں سے تقریباً 18–19 ملین روس سے ہیں۔
چین، قطر اور الجزائر سمیت کئی ممالک اس پلیٹ فارم پر پہلے ہی پابندی لگا چکے ہیں جبکہ امریکہ کی بعض ریاستوں میں بھی Roblox کے خلاف بچوں کے تحفظ کے مقدمات زیر سماعت ہیں۔










