ماسکو: پاکستانی سفیر کی عالمی شہرت یافتہ روسی کوہ پیما ڈینس اُروبکو سے ملاقات

ماسکو (وائس آف رشیا) ماسکو میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے عالمی شہرت یافتہ روسی کوہ پیما ڈینس اُروبکو کا پاکستان ہاؤس میں استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران ڈینس اُروبکو نے سفیر کو اپنی حالیہ کوہ پیمائی کی کامیابی سے آگاہ کیا۔

ڈینس اُروبکو نے بتایا کہ انہوں نے 10 جولائی 2025 کو ہسپانوی الپائن کوہ پیما ماریا خوزے کارڈیل فرنانڈیز کے ہمراہ نانگا پربت (8,125 میٹر) سر کیا۔ انہوں نے دیامیر کی جانب “جادوئی دنوں” کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل انہوں نے سکردو کے قریب مناسبت اختیار کی اور گلگت بلتستان میں قیام کے دوران پاکستانی نوجوانوں کے لیے خصوصی الپائن تربیتی سیشن بھی منعقد کیے، جن کی بدولت نوجوانوں کو صنعتی کوہ پیمائی میں روزگار کے مواقع میسر آسکیں گے۔

سفیر فیصل نیاز ترمذی نے ملاقات میں اپنے والد، جو پاک فوج میں پائلٹ تھے اور قراقرم کے علاقے میں خدمات انجام دیتے رہے، سے متعلق دلچسپ یادیں شیئر کیں۔

ڈینس اُروبکو نے سفیر کو روس کی بلند ترین چوٹی، ماؤنٹ ایلبروس (5,642 میٹر) کے دورے کی دعوت دی جسے سفیر نے خوشی سے قبول کیا۔

ملاقات کے اختتام پر پاکستانی سفیر نے ڈینس اُروبکو کو مستقبل میں بھی سفارتخانے تشریف لانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان ثقافتی و کوہ پیمائی روابط مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں