ماسکو(وائس آف رشیا) روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ماسکو میں عالمی”ہم ساتھ ہیں” ایوارڈ کی تقریب میں شرکت کی اور اس موقع پر “رضاکار سال 2025” کا ایوارڈ اینا پلژنیکووا کو دیا گیا۔ اینا پلژنیکووا نے روس کے شہر اناپا میں ماحولیاتی آفات کے بعد بحالی کے مشن میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔
صدر پوتن نے خطاب میں کہا کہ یہ رضاکارانہ تحریک پانچ سال قبل کورونا وبا کے دوران شروع ہوئی تھی، جب پوری دنیا اس وبا سے نبردآزما تھی۔ انہوں نے رضاکاروں کی قربانیوں اور عوام کی خدمت میں ان کے کردار کو سراہا اور کہا کہ خصوصی فوجی آپریشن کے دوران بھی رضاکاروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، اور لاکھوں افراد نے فوجی اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کی مدد میں حصہ لیا۔
پوتن نے رضاکارانہ خدمات کو معاشرتی ہم آہنگی اور نوجوانوں کے لیے مثال قرار دیا اور زور دیا کہ رضاکارانہ تنظیموں اور ریاستی اداروں کے تعاون سے زیادہ مؤثر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
این پلژنیکووا نے اپنے خطاب میں رضاکارانہ خدمات کو ٹیم ورک کی کامیابی اور معاشرتی ذمہ داری کی مثال قرار دیا اور کہا کہ یہ سب کام محض رضاکاروں کی باہمی مدد اور عزم کی بدولت ممکن ہوا۔
اس ایوارڈ کی تقریب میں روسی صدر کے ساتھ رضاکاروں اور عوامی نمائندوں نے بھی شرکت کی، اور اس موقع پر روس میں رضاکارانہ خدمات کے فروغ اور معاشرتی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔









