ماسکو (وائس آف رشیا) پاکستان کے سفیر برائے روس، فیصل نیاز ترمذی، نے ماسکو میں روس کی وزارتِ خارجہ میں روسی صدر کے خصوصی نمائندے برائے افغانستان، سفیر ضمیر کابلوف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں افغان امن عمل، خطے میں سکیورٹی صورتحال اور پاک-روس تعاون کے مواقع پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق، ملاقات میں افغانستان میں جاری سیاسی اور سکیورٹی معاملات پر روسی نقطۂ نظر تفصیل سے پیش کیا گیا، جبکہ پاکستانی سفیر نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں اور سفارتی اقدامات سے کابلوف کو آگاہ کیا۔
دونوں جانب اس بات پر زور دیا گیا کہ افغانستان میں دیرپا امن کے بغیر خطے میں استحکام ممکن نہیں، اور مستقبل میں پاک-روس تعلقات کے فروغ کے لیے ایسے رابطے اہم کردار ادا کریں گے۔










