ریاض(وائس آف رشیا) روس اور سعودی عرب نے دو طرفہ تعلقات میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے تمام اقسام کے پاسپورٹس کے حامل شہریوں کے لیے ویزا شرط ختم کرنے کا بین الحکومتی معاہدہ کر لیا۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب ریاض میں منعقد ہوئی، جہاں روس اور سعودی عرب کے اعلیٰ حکام موجود تھے۔
تقریب کی رپورٹنگ کرنے والے ذرائع کے مطابق، نئے معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے شہری سال میں 90 دن تک بغیر ویزا ایک دوسرے کے ملک میں داخل ہو سکیں گے۔ ویزا فری سہولت عام، سفارتی اور سروس پاسپورٹس سمیت تمام پاسپورٹس پر لاگو ہوگی۔
اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان موسمیاتی تبدیلی اور کم کاربن ترقی کے حوالے سے مفاہمت کی ایک اہم یادداشت (MoU) پر بھی دستخط کیے گئے۔ ایک اور معاہدہ آرکائیول امور میں تعاون سے متعلق ہے، جو ثقافتی و تاریخی شعبوں میں شراکت داری کو مضبوط کرے گا۔
یاد رہے کہ اب تک روسی شہریوں کو سعودی عرب میں داخلے کے لیے یا تو آن لائن ای ویزا حاصل کرنا ہوتا تھا یا ایئرپورٹ پر ویزا آن ارائیول کی سہولت میسر تھی، جو 90 روزہ قیام اور ایک سال کی ملٹی پل انٹری کی اجازت دیتی تھی۔ نئے معاہدے کے بعد یہ شرائط ختم ہو جائیں گی، تاہم معاہدے کے عملی نفاذ کی تاریخ کا اعلان بعد میں متوقع ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ پیش رفت دونوں ممالک کے درمیان سیاحت، تجارت، سرمایہ کاری اور سفارتی تعاون کے نئے دروازے کھول دے گی۔









