ماسکو(وائس آف رشیا) نیاگاتنسکی زاتون میں روس کی سب سے جدید اور منفرد شپ یارڈ کا افتتاح کیا گیا، جہاں الیکٹرک جہاز تیار کیے جائیں گے۔ افتتاحی تقریب میں ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانن، روسی حکومت کے پہلے نائب صدر ڈینس مانتورو، اور صدر کے معاون نیکولائی پاتروشیو شریک ہوئے۔
ماسکو کے میئر کے مطابق یہ منصوبہ صدر ولادیمیر پوتن اور کابینہ کی حمایت سے عملی شکل اختیار کیا گیا۔ جدید شپ یارڈ مکمل پیداواری چکر کے لیے تیار کیا گیا ہے، جس میں دھات کی کٹنگ، ویلڈنگ، جہاز کی اسمبلنگ، اور پانی میں جہاز کے اترنے کا عمل شامل ہے۔ اس کے علاوہ شپ یارڈ میں سرویسنگ، مینٹیننس اور مرمت کی سہولیات بھی موجود ہیں۔
پیداواری مرکز میں ایک ڈیزائن اور پروجیکٹنگ بیورو بھی قائم کیا گیا ہے، جس کی بدولت 500 سے زائد نئی ملازمتیں پیدا ہوئیں۔ شپ یارڈ میں سولر پینلز اور جدید صفائی کے نظام نصب کیے گئے ہیں تاکہ ماحولیات کی حفاظت ہو اور ماسکو دریا میں آلودہ پانی نہ جائے۔
یہ شپ یارڈ سالانہ تقریباً 40 جہاز تیار کر سکے گا، جس میں مقامی ریور ٹرانسپورٹ کے لیے الیکٹرک کشتیوں کے ساتھ ساتھ کروز لائنرز بھی شامل ہوں گے۔ آئندہ بغیر پائلٹ کے کشتیوں کی تیاری بھی منصوبہ بندی کے تحت ہے، جو ماسکو دریا کی نگرانی کے لیے استعمال ہوں گی۔
متوقع ہے کہ 2030 تک ماسکو دریا پر سات باقاعدہ الیکٹرک روٹس اور 11 سیاحتی و تفریحی جہازوں کے فلِیٹ کام کریں گے، جس میں 100 سے زائد الیکٹرک جہاز ماسکو شپ یارڈ کی پیداوار ہوں گے۔









