روس نے ڈنیپروپیٹروفسک اور ڈونیتسک علاقوں میں مزید تین بستیاں آزاد کر لیں

ماسکو(وائس آف رشیا) روسی وزارت دفاع کے مطابق روسی افواج نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈنیپروپیٹروفسک ریجن میں ٹیکھوئے اور اوترادنویے جبکہ ڈونیٹسک پیپلز ریپبلک میں پیٹرووسکویے کے علاقوں کو آزاد کر لیا ہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ بیٹل گروپ ساؤتھ نے فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے پیٹرووسکویے کو آزاد کرایا، جبکہ بیٹل گروپ ایسٹ نے بھرپور پیش قدمی کے بعد ٹیکھوئے اور اوترادنویے کا کنٹرول سنبھال لیا۔

وزارت دفاع کے مطابق یوکرینی فوج نے محاصرے میں پھنسے اپنے دستوں کو کاراسنوآرمیسک کے علاقے میں گریشنو گاؤں کی سمت سے نکالنے کے لیے سات کوششیں کیں، تاہم روسی افواج نے تمام حملے ناکام بنا دیے۔

بیٹل گروپ سینٹر کی جانب سے کاراسنوآرمیسک میں محاصرے میں موجود یوکرینی فورسز کو ختم کرنے کی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ روونویے گاؤں کی کلیئرنس بھی کی جارہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں یوکرینی فوج کو مختلف محاذوں پر مجموعی طور پر تقریباً 1,320 اہلکاروں کا نقصان اٹھانا پڑا۔

وزارت دفاع نے یہ بھی بتایا کہ روسی افواج نے یوکرین کی فوج کے زیر استعمال ایندھن، توانائی اور ٹرانسپورٹ کے ڈھانچوں کو نشانہ بنایا، جبکہ یوکرین کا ایک ایس-300 فضائی دفاعی نظام بھی تباہ کر دیا گیا۔

مزید برآں، روسی فورسز نے دشمن کے 148 سے زائد عارضی ٹھکانوں پر حملے کیے۔

روسی فضائی دفاعی نظام نے ایک گائیڈڈ بم، امریکی ساختہ ہائمارز کی ایک راکٹ، اور یوکرینی فوج کے 140 ڈرون بھی مار گرائے۔

وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ خصوصی فوجی آپریشن کے آغاز سے اب تک یوکرین کے 668 جنگی طیارے، 283 ہیلی کاپٹر، 97 ہزار سے زائد ڈرون، 638 فضائی دفاعی نظام، 26 ہزار سے زیادہ بکتر بند گاڑیاں، اور ہزاروں توپیں و دیگر فوجی گاڑیاں تباہ کی جا چکی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں