
ماسکو(وائس آف رشیا) روس کے شہر کالوگا میں اسپورٹ پارک “کالوجنیکی” میں بین الاقوامی ٹینس ٹورنامنٹ “کپ آف یونٹی” کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ یہ ایونٹ کالوگا ریجن کے گورنر ولادسلاو شاپشا کی پہل اور روسی وزارتِ خارجہ کے تعاون سے منعقد ہوا۔
ٹورنامنٹ میں مختلف ممالک کے سفارتی مشنوں کے نمائندوں، روسی حکام، خلانوردوں اور ٹینس کے شوقین کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ غیر ملکی شرکاء میں چین، شمالی کوریا، منگولیا، عمان، پاکستان، سیرا لیون اور تاجکستان کے سفارتکار نمایاں تھے۔
پاکستان کی نمائندگی روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کی، جنہوں نے نہ صرف ایونٹ میں فعال شرکت کی بلکہ شاندار کھیل اور اعلیٰ اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام شرکاء کی توجہ حاصل کی۔ ان کی شرکت کو روسی میزبانوں اور غیر ملکی سفارتکاروں نے پاکستان کے مثبت اور دوستانہ تشخص کے طور پر سراہا۔
اس موقع پر سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہاکہ اس طرح کے ایونٹس کھیل کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی تعلقات کو بھی مضبوط بناتے ہیں۔ روس میں دوستانہ ماحول اور مہمان نوازی نے ہمیں بے حد متاثر کیا ہے۔ کھیل دوستی، امن اور باہمی احترام کا بہترین ذریعہ ہے، اور پاکستان ہمیشہ ایسے تعمیری اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔

تقریب کا افتتاح گورنر ولادسلاو شاپشا نے کیا جبکہ روسی نائب وزیرِ خارجہ الیکساندر گروشکو نے وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف کا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔ روسی ٹینس فیڈریشن کے صدر اور بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے رکن شامیل ترپی شیف نے کہا کہ ٹینس ایک ایسا کھیل ہے جو دوستی اور مثبت طرزِ زندگی کو فروغ دیتا ہے۔

ثقافتی پروگرام کے تحت غیر ملکی مہمانوں نے کالوگا کے تاریخی مقامات اور کوسموناؤٹکس میوزیم کا بھی دورہ کیا، جہاں سوویت اور روسی سائنس دانوں اور خلا نوردوں کی عالمی سائنسی ترقی میں خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
غیر ملکی مندوبین نے کہا کہ اس طرح کے ایونٹس روس اور دیگر ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور بین الاقوامی دوستی کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔










