ماسکو (وائس آف رشیا) روسی وزارتِ داخلہ نے ماسکو ریجن میں دہشت گردی کی ایک بڑی سازش ناکام بنا دی ہے۔ وزارت کی ترجمان ایرینا وولک کے مطابق کارروائی کے دوران یوکرینی خفیہ اداروں سے رابطے میں رہنے والے ایک 27 سالہ شخص کو گرفتار کیا گیا جو ماسکو میں دھماکہ خیز مواد پہنچانے کی کوشش کر رہا تھا۔
وزارتِ داخلہ کے سینٹر فار کومبیٹنگ ایکسٹریم ازم اور فیڈرل سیکیورٹی سروس (ایف ایس بی) نے مشترکہ کارروائی کے دوران ملزم کو والو کولامسک کے علاقے سے حراست میں لیا۔ تحقیقات سے پتا چلا کہ ملزم نے میسنجر ایپ کے ذریعے ایک نامعلوم شخص سے رابطہ کیا تھا اور یوکرینی سیکیورٹی ایجنسیز کی مدد پر آمادگی ظاہر کی تھی۔
ترجمان کے مطابق، ملزم کو لیوبرتسی شہر کے ایک گیراج کمپلیکس سے بارودی مواد کا پیکج حاصل کرنا تھا، جسے بعد ازاں ماسکو کے ازمیلوسکی پارک میں چھپایا جانا تھا۔ تاہم، پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے منصوبہ ناکام بنا دیا۔
واقعے کے بعد روسی حکام نے آرٹیکل 30 اور 205 کے تحت فوجداری مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ملزم زیرِ حراست ہے، جبکہ اس کے ممکنہ ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔ وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ روس کے سیکیورٹی ادارے ملک کی سلامتی کے خلاف کسی بھی تخریب کاری کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔









