کھیل سیاست کا نہیں، اتحاد کا ذریعہ ہے، صدر پوتن کا سمارامیں سپورٹس فورم میں خطاب

سمارا (وائس آف رشیا) روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے جمعرات کے روز تیرھویں بین الاقوامی فورم “روس، کھیلوں کی طاقت” کے مرکزی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روس، دنیا کے بیشتر ممالک کی طرح، مساوات، باہمی احترام اور ثقافتی ہم آہنگی کی بنیاد پر بین الاقوامی تعاون کا حامی ہے۔

یہ اجلاس سمارا کے “ولادیمیر ویسوٹسکی اسپورٹس پیلس” میں منعقد ہوا، جس میں روسی وزرائے کھیل، بین الاقوامی اسپورٹس اداروں کے نمائندے اور سامارا کے گورنر ویاسلاف فیڈوریچیف نے بھی شرکت کی۔ اس سال فورم کا موضوع تھا “مستقبل کے نام کھیل، ہم اکٹھے جیتتے ہیں”۔

صدر پوتن نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیل انسان کی جسمانی، تخلیقی اور روحانی ترقی کا آفاقی ذریعہ ہیں اور جدید دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوشش ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ “کھیل سیاست کے تابع نہیں بلکہ انسانیت کے لیے ہیں”۔

صدر نے روس کی پیرا اولمپک کمیٹی کے حقوق کی بحالی کے فیصلے کو منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ روس ہمیشہ سے کھلاڑیوں کو مساوی مواقع دینے کے حق میں رہا ہے۔

صدر ولادیمیر پوتن نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیلوں میں سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔ کھلاڑیوں کی شرکت صرف ان کی صلاحیت اور محنت پر مبنی ہونی چاہیے.

صدر نے کہا کہ روس میں اس وقت 3 لاکھ 70 ہزار سے زائد اسپورٹس سہولیات موجود ہیں اور حکومت عوامی سطح پر کھیلوں کے فروغ کے لیے مزید اقدامات جاری رکھے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کھیلوں کے میدان میں تیزی سے اہم کردار ادا کر رہی ہے اور روس فِیجیٹل اور سائبر اسپورٹس جیسے نئے رجحانات میں عالمی تعاون کے لیے تیار ہے۔

فورم کے اختتام پر صدر پوتن نے سمارا میں زیرِ تعمیر ایڈاپٹیو اسپورٹس سینٹر کے منصوبے کا معائنہ کیا، جہاں معذور افراد کے لیے 30 سے زائد خصوصی اسپورٹس ڈسپلن فراہم کیے جائیں گے۔ انہیں اس منصوبے کے بارے میں روسی پیرا اولمپک کمیٹی کے صدر پاویل روزکوف اور تنظیم “صحت مند وطن” کی چیئرپرسن یکاترینا لیشنسکایا نے بریفنگ دی۔

صدر پوتن نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ کھیلوں کا مقصد انسانوں کو جوڑنا اور امن کے پل تعمیر کرنا ہے ، یہی کھیلوں کی سب سے بڑی خدمت اور روس کا مستقل عزم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں