ماسکو: سفیرپاکستان فیصل نیاز ترمذی کی ابیلیمپکس میں شریک پاکستانی ٹیم سے ملاقات

ماسکو (وائس آف رشیا) روس کے دارالحکومت ماسکو میں منعقد ہونے والے ابیلِمپکس انٹرنیشنل کمپٹیشن فار پروفیشنل اسکلز فار پرسنز ود ڈس ایبیلیٹیز میں شرکت کرنے والی پاکستانی ٹیم سے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے سفیر جناب فیصل نیاز ترمذی نے ملاقات کی۔

یہ مقابلے روسی وزارتِ تعلیم اور ماسکو سٹی گورنمنٹ کے اشتراک سے منعقد کیے گئے، جن میں دنیا بھر سے خصوصی افراد نے مختلف پیشہ ورانہ شعبوں میں اپنی مہارتوں کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان کی ٹیم نے بھی ان مقابلوں میں بھرپور شرکت کی اور اپنی صلاحیتوں کا شاندار اظہار کیا۔

سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے وفد کے تمام اراکین کے عزم، لگن اور حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد معاشرے کا قابلِ فخر حصہ ہیں جو اپنی محنت اور عزم سے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کر رہے ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر جناب انصاری زین العابدین کو مبارکباد دی جنہوں نے سلائی کے مقابلے میں تیسری پوزیشن حاصل کر کے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔

سفیر ترمذی نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کی یہ کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ اگر انہیں درست مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ کسی بھی بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سفارتخانہ ماسکو ہمیشہ پاکستانی شہریوں، خصوصاً خصوصی افراد کی بھرپور معاونت کے لیے تیار ہے۔

اس موقع پر پاکستانی وفد کے اراکین نے بھی روسی حکومت اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس عالمی تقریب میں شرکت کا موقع فراہم کیا۔ وفد نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی پاکستان کے خصوصی افراد کو ایسے بین الاقوامی مقابلوں میں بھرپور شرکت کا موقع دیا جائے گا۔

سفیر ترمذی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ حکومتِ پاکستان تک خصوصی افراد کی بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کو فروغ دینے کے لیے رسمی تجاویز پہنچائیں گے تاکہ آئندہ سالوں میں مزید پاکستانی ٹیمیں عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں