پنجاب میں فضائی آلودگی سنگین، فیصل آباد ، گوجرانوالہ شدید متاثر

رپورٹ: حافظ ثاقب نمائندہ وائس آف رشیا
پنجاب میں فضائی آلودگی اور اسموگ کی شدت میں اضافہ جاری ہے، آج فیصل آباد صوبے کا سب سے زیادہ آلودہ شہر رہا، جبکہ گوجرانوالہ اور ملتان میں بھی فضائی معیار خطرناک حدوں پر پہنچ گیا ہے۔

عالمی فضائی معیار کی مانیٹرنگ تنظیم IQAir کے مطابق آج فیصل آباد میں AQI 554 ریکارڈ ہوا، گوجرانوالہ 546، ملتان 478، لاہور 471 اور بہاولپور 389 پر پہنچ گیا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گوجرانوالہ اور ڈی جی خان 500 AQI کے ساتھ انتہائی آلودہ زون میں شامل ہیں۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں فضائی معیار خطرناک سطح پر ہے: فارسٹ ڈیپارٹمنٹ آفس راوی روڈ میں 980، G3 انجینئرنگ کونسل 790، اور DHA فیز 8 میں 759 AQI ریکارڈ کیا گیا۔ بارقی روڈ اور ایگرٹن روڈ پر 500، واہگہ بارڈر 394 اور سفاری پارک 384 AQI دکھایا گیا۔

ماہرین کے مطابق بھارت کے ہریانہ، لدھیانہ، پٹیالا اور جلندھر سے آنے والی آلودہ ہوائیں پنجاب کے شہروں میں داخل ہو رہی ہیں، جس کی وجہ سے لاہور، فیصل آباد، قصور اور گوجرانوالہ کی فضائی کوالٹی خراب ہوئی ہے۔ آج AQI کی متوقع حد 330 سے 370 کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

ماحولیاتی تحفظ کے محکمہ (EPD) نے شہریوں، خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور مریضوں کو غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کی ہدایت کی ہے، اور صبح و شام کے اوقات میں زیادہ احتیاط کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں