ماسکو (وائس آف رشیا) روس میں تعینات ہونے والے پاکستان کے نئے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے آج روسی وزارتِ خارجہ میں نائب وزیر خارجہ آندرے رودینکو (Andrey Rudenko) کو اپنی اسنادِ سفارت (Copies of Credentials) پیش کیں۔ یہ ملاقات ماسکو میں وزارتِ خارجہ کی عمارت میں منعقد ہوئی۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پاک–روس تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی، جن میں تجارتی تعاون، تعلیمی و ثقافتی تبادلے، توانائی کے شعبے میں اشتراک، اور عالمی و علاقائی امور شامل تھے۔ روسی نائب وزیر خارجہ نے فیصل نیاز ترمذی کو روس میں بطور سفیر ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش ظاہر کی۔
پاکستانی سفیر نے اس موقع پر کہا کہ اسلام آباد ماسکو کے ساتھ تعلقات کو “نئی بلندیوں” تک لے جانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اعتماد، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔
فیصل نیاز ترمذی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ روس میں پاکستانی کمیونٹی کے مفادات کے تحفظ اور دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور عوامی رابطوں کے فروغ کے لیے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔
یاد رہے کہ فیصل نیاز ترمذی نے حال ہی میں ماسکو میں اپنی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں۔ وہ اس سے قبل مختلف ممالک میں پاکستان کے سفارتی مشنز میں اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔












