ماسکو (وائس آف رشیا) سفارتخانہ پاکستان ماسکو کے سفیر فیصل نیاز ترمزی نے ماسکو میں پاکستان کے سفارتخانہ کے لیے مختص پلاٹ کا دورہ کیا۔ یہ دورہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کے تحت اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔
سفیر محترم نے دو دن قبل دنیا نیوز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں اعلان کیا تھا کہ اس پلاٹ پر نہ صرف نئی سفارتخانہ کی عمارت تعمیر کی جائے گی بلکہ اس کے ساتھ سفارتی عملے کے لیے رہائشیں اور ایک سکول بھی قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ماسکو میں پاکستانی کمیونٹی اور سفارتی عملے کے لیے بہتر سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور تعلیمی تعلقات کو فروغ دے گا۔
سفیرپاکستان نے کہا کہ یہ پلاٹ پاکستان اور روس کے دوستانہ تعلقات کی علامت ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ نہ صرف سفارتخانہ جدید اور فعال ہو بلکہ سفارتی عملہ اور ان کے خاندان بھی یہاں بہتر سہولیات کے ساتھ رہ سکیں۔ سکول قائم کرنے کا مقصد بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے۔”
اس موقع پر سفارتخانے کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے، جنہوں نے اس منصوبے کی اہمیت پر زور دیا اور امید ظاہر کی کہ یہ اقدام ماسکو میں پاکستانی سفارتی موجودگی اور کمیونٹی کی ترقی میں ایک تاریخی قدم ثابت ہوگا۔
توقع کی جا رہی ہے کہ اس منصوبے کی تعمیراتی منصوبہ بندی جلد شروع ہوگی اور مکمل ہونے کے بعد یہ پلاٹ ماسکو میں پاکستانی سفارتی عملے، ان کے خاندانوں اور کمیونٹی کے لیے ایک جدید اور معیاری سہولت مرکز بن جائے گا۔




















