سفارتخانہ پاکستان ماسکو میں‌یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر تقریب کا انعقاد

ماسکو(وائس آف رشیا) روس کے دارالحکومت ماسکو میں سفارت خانہ پاکستان میں یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں سفیر پاکستان فصل نیاز ترمذی سمیت پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات، طلباء، اور سفارتی عملے نے بھرپور شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا۔ تقریب میں کشمیر اور پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے جن کے دوران شرکاء نے کھڑے ہو کر یکجہتی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے جن میں کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کیا گیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیرِ پاکستان فیصل نیاز ترمذی کا کہنا تھا کہ آج کا دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ کشمیری عوام گزشتہ 77 برسوں سے آزادی اور حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ
بھارت نے 5 اگست 2019 کو غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی۔

سفیر فیصل نیاز ترمزی نے کہا کہ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے اور ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

ہم سمجھتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق آزادانہ رائے شماری میں مضمر ہے۔

سفیرِ پاکستان کے خطاب کے بعد تقریب کے شرکاء نے بھارتی مظالم کی مذمت کی اور کشمیری شہداء کے لیے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔

تقریب کے دوران بھارتی فوج کے ظلم و ستم پر مبنی ایک دستاویزی فلم (ڈاکومنٹری) بھی دکھائی گئی جس میں مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں نمایاں کی گئیں۔
شرکاء نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا عہد کیا۔

ماسکو میں ہونے والی یہ تقریب پاکستانی کمیونٹی کے عزم کی عکاس ہے کہ کشمیر کی آزادی تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں