واشنگٹن (وائس آف رشیا) امریکی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے درمیان فوری طور پر کوئی ملاقات طے نہیں کی گئی۔
ایک امریکی عہدے دار نے روسی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے درمیان فون پر ہونے والی “مثبت اور تعمیری” گفتگو کے بعد اضافی ملاقات کی ضرورت نہیں ہے، اور صدر ٹرمپ اور صدر پوتن کے درمیان قریبی مستقبل میں کوئی ذاتی ملاقات طے نہیں ہے۔
یاد رہے کہ 16 اکتوبر کو ٹرمپ نے پوتن کے ساتھ فون پر بات کے بعد اعلان کیا تھا کہ دونوں جلد ہی ہنگری کے دارالحکومت بوداپسٹ میں ملاقات کریں گے۔ روسی صدر کے معاون یوری اوشاکوف نے بھی کہا تھا کہ ماسکو اور واشنگٹن جلد ملاقات کی تیاری کریں گے، جس کے لیے ہنگری کے وزیر اعظم وکٹر اوربان نے ایک تنظیمی کمیٹی قائم کی تھی۔
20 اکتوبر کو لاوروف اور روبیو کے درمیان فون پر تبادلۂ خیال ہوا، جس میں دونوں نے پوتن-ٹرمپ فون مذاکرات کے دوران طے شدہ فہم و افہام کو عملی جامہ پہنانے کے ممکنہ اقدامات پر بات کی۔









