ماسکو(وائس آف رشیا) روس کی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زخارووا نے کہا ہے کہ روسی اور امریکی صدور ولادیمیر پوٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ کی مجوزہ ملاقات کی تیاری کے لیے انتہائی سنجیدہ اور وسیع پیمانے پر سفارتی سرگرمیاں جاری ہیں۔
روسی نیوز ایجنسی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ماریا زخارووا نے بتایا کہ یہ رابطہ دونوں صدور کے درمیان ہوا اور صدارتی انتظامیہ کی جانب سے اس پر تبصرہ بھی کیا گیا۔ اس سلسلے میں کریملن کے مشیر یوری اوشاکوف نے تفصیلی معلومات فراہم کیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ روس اور ہنگری کے وزرائے خارجہ کے درمیان بھی ملاقات ہوئی ہے تاکہ آنے والے سربراہی اجلاس کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا سکے۔
ماریا زخارووا نے زور دیا کہ یہ کام مختلف سطحوں پر سفارتی ذرائع کے ذریعے جاری ہے۔ یہ کہنا درست ہوگا کہ روسی سفارت کار انتہائی محتاط اور جامع انداز میں تیاریوں میں مصروف ہیں.
واضح رہے کہ 16 اکتوبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ٹیلی فونک گفتگو کے بعد اعلان کیا تھا کہ دونوں رہنما جلد ہنگری کے دارالحکومت بوداپسٹ میں ملاقات کریں گے۔
روسی حکام کے مطابق ماسکو اور واشنگٹن کے درمیان اس ملاقات کی تیاریوں کا عمل فوری طور پر شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ ہنگری کے وزیر اعظم وِکٹر اوربان نے اس سلسلے میں ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔









