ماسکو (وائس آف رشیا) پاکستان کمیونٹی روس کے صدر ملک شہباز نے روس میں مقیم تمام پاکستانی طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی تمام درست اور ضروری دستاویزات ہمیشہ اپنے ہمراہ رکھیں۔
اپنے پیغام میں ملک شہباز نے کہا کہ طلبہ اپنے پاسپورٹ، رجسٹریشن کارڈ (رہائش کے پتے کی رجسٹریشن)، مائیگریشن کارڈ، فنگرپرنٹ کارڈ اور میڈیکل سرٹیفیکیٹ جیسے تمام کاغذات ساتھ رکھیں، کیونکہ امیگریشن ڈیپارٹمنٹ اور پولیس کی جانب سے دستاویزات کی جانچ روزانہ کی بنیاد پر کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے طلبہ کو ہدایت کی کہ اگر دورانِ چیکنگ کسی اہلکار کی جانب سے دستاویزات طلب کی جائیں تو پُرامن اور مؤدبانہ رویہ اختیار کریں۔ اگر آپ کے تمام کاغذات درست ہیں تو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہوگا۔
ملک شہباز نے مزید بتایا کہ 13 اکتوبر سے 22 اکتوبر تک ماسکو اور ماسکو ریجن میں امیگریشن حکام کی جانب سے خصوصی چھاپہ مہم جاری رہے گی، اس دوران تمام طلبہ سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ قانون کی پابندی کریں، عوامی نظم و ضبط برقرار رکھیں اور اپنی کلاسوں میں باقاعدگی سے حاضری دیں۔
صدر پاکستان کمیونٹی روس نے کہا کہ طلبہ اپنے طرزِ عمل سے نہ صرف اپنی بلکہ پاکستانی کمیونٹی کی نیک نامی کا بھی خیال رکھیں۔









