واشنگٹن (وائس آف رشیا)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ان کی روسی ہم منصب ولادیمیر پوتن سے جلد ایک براہِ راست ملاقات ہوگی، جو ہنگری کے دارالحکومت بوداپسٹ میں منعقد کی جائے گی۔
ٹرمپ کے مطابق اس ملاقات سے قبل دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی مشیروں کا اجلاس آئندہ ہفتے ہوگا، جس میں دوطرفہ تعلقات، عالمی سلامتی اور توانائی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
امریکی صدر نے یہ اعلان روسی صدر پوتن کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل (Truth Social) پر ایک پیغام میں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ گفتگو کے اختتام پر ہم نے اتفاق کیا کہ آئندہ ہفتے ہمارے اعلیٰ سطحی مشیر ملاقات کریں گے، جس کے بعد صدر پوتن اور میں بوداپسٹ میں بالمشافہ ملاقات کریں گے۔
اگر یہ ملاقات طے شدہ پروگرام کے مطابق ہوتی ہے تو یہ روس اور امریکہ کے صدور کے درمیان کئی برسوں بعد ہونے والی پہلی براہِ راست ملاقات ہوگی۔
سیاسی مبصرین کے مطابق یہ پیش رفت عالمی سفارتی منظرنامے میں ایک اہم موڑ ثابت ہو سکتی ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب دونوں ملکوں کے تعلقات یوکرین تنازعے اور مغربی پابندیوں کے باعث کشیدہ ہیں۔









