ماسکو (وائس آف رشیا) روسی صدر ولادیمیر پوتن کل ماسکو میں ہونے والے رشین انرجی ویک 2025 کے مرکزی اجلاس (پلینری سیشن) سے خطاب کریں گے۔ کریملن کے مطابق یہ اجلاس 16 اکتوبر کو منعقد ہوگا، جس میں توانائی کے عالمی ماہرین، حکومتی نمائندے، کمپنیوں کے سربراہان اور سائنسدان شرکت کریں گے۔
فورم کا مرکزی موضوع “بلڈنگ دی انرجی آف دی فیوچر ٹوگیدر” رکھا گیا ہے، جس کا مقصد آئندہ دہائیوں کے لیے پائیدار توانائی کے وسائل کی ترقی اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
یہ تین روزہ عالمی فورم 15 سے 17 اکتوبر تک ماسکو میں جاری رہے گا، جس میں ساٹھ سے زائد بزنس سیشنز اور مباحثے شامل ہیں۔ ان اجلاسوں میں توانائی کے تحفظ، جدید ٹیکنالوجی، ماحول دوست ایندھن، اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر غور کیا جائے گا۔
رشین انرجی ویک کا انعقاد روسی وزارتِ توانائی اور روسکانگرس فاؤنڈیشن کے تعاون سے کیا جا رہا ہے، جبکہ اس کے منتظم اعلیٰ روسی نائب وزیرِ اعظم الیگزینڈر نوواک ہیں۔
گزشتہ برس کے فورم میں 81 ممالک کے مندوبین نے شرکت کی تھی اور توانائی کے شعبے میں 28 بین الاقوامی معاہدوں پر دستخط کیے گئے تھے۔
امسال کے اجلاس میں توانائی کے شعبے میں روس کے مستقبل کے منصوبے اور عالمی منڈی میں استحکام کے لیے نئی تجاویز پیش کیے جانے کا امکان ہے۔









