ماسکو (وائس آف رشیا)
روس کے دارالحکومت ماسکو میں عالمی سطح کا توانائی سے متعلق سالانہ فورم “رشین انرجی ویک” (Russian Energy Week) رواں ماہ 15 سے 17 اکتوبر 2025 تک منعقد ہوگا۔ یہ فورم روس کے ایندھن و توانائی کے شعبے، توانائی کے مؤثر استعمال اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے سب سے بڑا پلیٹ فارم تصور کیا جاتا ہے۔
یہ ایونٹ روسی وزارتِ توانائی اور روسکانگرس فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام، ماسکو سٹی گورنمنٹ کی معاونت سے منعقد کیا جا رہا ہے۔
فورم کی تنظیمی کمیٹی کے سربراہ روسی نائب وزیرِ اعظم الیگزینڈر نوواک ہیں۔
فورم کی بنیاد روسی حکومت کے ایک فرمان کے ذریعے 27 ستمبر 2016 کو رکھی گئی تھی۔
پہلا روس انرجی ویک فورم 3 سے 7 اکتوبر 2017 کے دوران ماسکو اور سینٹ پیٹرزبرگ میں منعقد ہوا،
جس کی مرکزی نشست “انرجی فار گلوبل گروتھ” کے موضوع پر تھی، جس میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور وینیزویلا کے صدر نکولس مادورو سمیت 18 ممالک کے 25 وزراء اور 10 ہزار سے زائد مندوبین نے شرکت کی۔ اس موقع پر توانائی کے شعبے میں 18 اہم معاہدوں پر دستخط ہوئے۔
گزشتہ برس منعقد ہونے والا ساتواں روس انرجی ویک (2024) “کثیرالقطبی دنیا میں توانائی تعاون” کے موضوع پر ماسکو میں منعقد ہوا۔
اس موقع پر صدر پوتن اور اکویٹوریل گنی کے صدر تیودورو اوبیانگ نگوئما مباسوجو نے کلیدی اجلاس سے خطاب کیا۔
تقریب میں 81 ممالک سے 5 ہزار 300 سے زائد مندوبین شریک ہوئے،
جبکہ 50 سے زیادہ بڑی کمپنیوں نے اپنی نمائشوں میں جدید توانائی سازوسامان اور ٹیکنالوجی متعارف کرائیں۔
فورم کے دوران 28 تعاون کے معاہدے اور یادداشتیں طے پائیں۔
رواں برس کا ایونٹ بھی حسبِ روایت ماسکو کے مینیژ ایگزیبیشن ہال اور گوسٹینی دوور کمپلیکس میں منعقد کیا جائے گا،
جس میں توانائی کے عالمی مستقبل، نئی ٹیکنالوجی، ماحولیاتی استحکام اور بین الاقوامی شراکت داری کے نئے امکانات زیرِ بحث آئیں گے۔









