صدر پوتن اور تاجک صدر کی ملاقات، حساس امور پر گفتگو

ماسکو (وائس آف رشیا) روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے دوشنبے میں ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کے حساس ترین اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

صدرپوتن نے ملاقات کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے تاجک صدر کے ساتھ بند کمرہ نشست میں ’’انتہائی اہم اور حساس موضوعات‘‘ پر گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ہم نے گزشتہ شام بھی غیر رسمی ماحول میں چائے کے دوران خطے کی موجودہ صورتحال اور دوطرفہ تعاون کے امکانات پر تفصیل سے بات کی۔‘‘

ذرائع کے مطابق ملاقات میں روس اور تاجکستان کے درمیان سکیورٹی تعاون، اقتصادی روابط کے فروغ، اور وسطی ایشیائی خطے میں استحکام کے امور زیر بحث آئے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ماسکو اور دوشنبے کے درمیان تعلقات وسطی ایشیا میں روس کے اسٹریٹجک اثر و رسوخ کے لیے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں، خصوصاً افغانستان کی بدلتی صورتحال کے تناظر میں۔

خیال رہے کہ تاجکستان روس کا قریبی اتحادی ملک ہے اور دونوں ممالک کے درمیان فوجی اور اقتصادی تعاون کئی دہائیوں پر محیط ہے۔ دوشنبے میں روسی فوجی اڈہ بھی موجود ہے، جو علاقائی سلامتی کے لیے ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں