روس اور ایران کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری معاہدہ مؤثر ہوگیا

ماسکو(وائس آف رشیا) روسی وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ روس اور ایران کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کا معاہدہ جمعرات کو مؤثر ہوگیاہے

وزارت خارجہ کے مطابق یہ معاہدہ 17 جنوری 2025 کو ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پوتن اور ایرانی صدر مسعود پزیشکیان نے دستخط کیا تھا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کی سیاسی قیادت کے اس اسٹریٹجک فیصلے کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت دوستانہ اور اچھے ہمسایہ تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا، جو دونوں ملکوں کے بنیادی مفاد میں ہے۔

وزارت خارجہ نے اسے روس۔ایران تعلقات کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ دوطرفہ تعلقات کو ایک نئی سطح پر لے گیا ہے جسے “وسیع اسٹریٹجک شراکت داری” کہا جا سکتا ہے۔

دستاویز میں طویل المدتی تعاون کے لیے اہم نکات طے کیے گئے ہیں، جن میں بدلتے ہوئے کثیر قطبی عالمی نظام کے تناظر میں بین الاقوامی میدان میں قریبی اشتراک، بڑی کثیرالجہتی تنظیموں میں ہم آہنگی، خطے میں استحکام و سلامتی کو مضبوط بنانا اور مشترکہ چیلنجز و خطرات کا مقابلہ شامل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں