ماسکو(وائس آف رشیا) روس نے امریکی صدر کے پیش کردہ غزہ امن منصوبے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماسکو ہمیشہ سے غزہ میں فوری جنگ بندی اور خونریزی کے خاتمے کا مطالبہ کرتا آیا ہے۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے ماریہ زخارووا نے کہا کہ ایسے تمام اقدامات کی حمایت ہونی چاہیے جو بحران کے خاتمے اور انسانی جانوں کے تحفظ کی جانب بڑھیں۔
ترجمان نے امید ظاہر کی کہ مجوزہ جنگ بندی نہ صرف قائم رہے گی بلکہ پائیداربھی ثابت ہوگی تاکہ فلسطینی خطے میں دیرپا استحکام کی راہ ہموارہوسکے۔
روسی وزارت خارجہ کے مطابق پائیدارامن سے نہ صرف تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے کی تعمیرنو کے لئے سازگارحالات پیدا ہوں گے بلکہ متاثرہ آبادی کوریلیف فراہم کرنے میں بھی آسانی ہوگی۔
بیان میں کہا گیا کہ موثرعمل درآمد سے اسرائیلی اورفلسطینی فریقین کے درمیان تعمیری مکالمے کی بحالی ممکن ہو سکے گی، جوخطے کے دیرینہ تنازع کے پرامن حل کی بنیاد فراہم کریگا۔
روس نے زوردیا کہ حتمی مقصد ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام اوراسرائیل کے ساتھ پرامن بقائے باہمی ہونا چاہیے، تاکہ خطے کے عوام کوایک محفوظ اورمستحکم مستقبل دیا جا سکے۔
روسی وزارت خارجہ نے عالمی برادری پر بھی زوردیا کہ وہ غزہ کے بحران کے حل کے لئے سنجیدہ اورمتوازن کردار ادا کرے۔









